پاکستان
Time 29 نومبر ، 2018

آئیڈیاز 2018 کا تیسرا دن، سی ویو پر ائیرشو کا انعقاد


کراچی میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے تیسرے روز پاک فضائیہ کی جانب سے ساحلی مقام سی ویو پر ائیر شو منعقد کیا گیا۔

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے تیسرے روز پاک فضائیہ کی تحقیق اور خودانحصاری کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔

شہر کے ساحلی مقام سی ویو پر شاندار ائیرشو کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی جب کہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔

ائیر شو میں بحری، بری اور فضائی افواج نے صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا اور ایف 16 طیاروں اور جے ایف 17 تھنڈر کی گھن گرج نے شہریوں کو محظوظ کیا۔

شو میں جنگی طیاروں نے شاندار کرتب کا مظاہرہ کیا، کیپٹن عمران کی قیادت میں پرچم تھامے مسلح افواج کے ایس ایس جی کمانڈوز 10 ہزار فٹ کی بلندی سے زمین پر کودے۔

ائیرشو میں پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے مہمانوں کو سلامی دی۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی آئیڈیاز 2018کے ائیرشو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نمائش میں کارکردگی پر شرکاء کو مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2018 کی بدولت دفاعی شعبے میں تجارت کو فروغ ملے گا اور آئیڈیاز 2018 سے تمام دنیا کو پر امن پاکستان کاپیغام جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے اور پاک افواج نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔

کور کمانڈر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے آئیڈیاز میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

مزید خبریں :