03 اگست ، 2012
بیجنگ … چین نے شام کیلئے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشتر کہ نمائندہ کو فی عنان کے استعفیٰ کو افسوسناک اقدام قرار دیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لائی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی حکومت کو کوفی عنان کو اپنے مشن کی تکمیل میں پیش آنے والی مشکلات کا احساس ہے ۔ چینی حکومت شام میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے ان کے سرگرم اور تعمیری کردار پر ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے فیصلہ کا احترام کرتی ہے ۔ چینی ترجمان نے مزید کہا کہ ان کا ملک شام کے مسئلہ کا پر امن اور مناسب حل چاہتا ہے اور بین الاقوامی برادری سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ اس مسئلہ کے سیاسی حل کی کوششیں جاری رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ چین شام کے مسئلہ کے پر امن حل کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کے مسئلہ کے پر امن حل کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور وہ اس سلسلہ میں کسی بھی تجویز کا خیر مقدم کرے گا۔