پی ایس ایل 4: ایونٹ سے قبل سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطانز کو دھچکہ

آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کہنی کی انجری کے باعث ان فٹ ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطانز کوٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل اس وقت شدید دھچکہ لگا ہے جب آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کہنی کی انجری کے باعث ان فٹ ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے سالانہ پانچ اعشاریہ دو ایک ملین کی ریزرو پرائس پر فرنچائز خریدی ہے۔ اسٹیو اسمتھ کے متبادل کا اعلان ڈرافٹ کے بعد کیا جائے گا۔

سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ زخمی ہوگئے ہیں جس کے باعث وہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی جانب سے شرکت نہیں کرسکیں گے۔

اسٹیو اسمتھ نے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ ملتان کو اسمتھ کی جگہ متبادل کھلاڑی حاصل کرنا ہوگا۔

اسٹیو اسمتھ کو پہلی بار پی ایس ایل میں شرکت کرنا تھی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسمتھ مستقبل کے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔

اسٹیو اسمتھ نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں کومیلاد وکٹوریئنز کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف دو میچ کھیلے تھے کہ کہنی کی انجری سے پریشان ہو کر ایونٹ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

پی سی بی اعلامیہ کے مطابق فٹنس مسائل سے نجات پانے کیلئے اسٹیو اسمتھ کو آپریشن کروانا ہوگا جس کے بعد انہیں میدان میں واپسی کے لیے ڈیڑھ ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔ یوں 14 فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل میں وہ شرکت نہیں کرسکیں گے۔

سابق آسٹریلوی کپتان کی خدمات ملتان سلطانز نے حاصل کر رکھی ہیں، فرنچائز کو اب سپلیمنٹری پلیئرز کی فہرست میں سے کسی متبادل نام پرغور کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :