Time 20 جنوری ، 2019
پاکستان

ساہیوال واقعہ میں ملوث ظالم قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے: صدر مملکت

ساہیوال میں پیش آنے والا واقعہ بہت تکلیف دہ اور اندوہناک ہے: ڈاکٹر عارف علوی فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز ساہیوال میں ہونے والے اندوہناک واقعے پر اپنی ٹوئٹ میں افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے جن بچوں کے سامنے ان کے والدین کو شہید کر دیا گیا ہو، ان کے ذہنوں پر کتنے مضر اثرات مرتب ہوں گے، اس کا میں اندازہ بھی نہیں لگا سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان بچوں کا خیال تو رکھے گی مگر ماں باپ کا کوئی نعم البدل نہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ظالم قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی نے مشکوک مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 انسانی زندگیاں چھین لیں، مرنے والوں کو داعش کا دہشت گرد قرار دیا گیا۔

پولیس اہل کاروں نے پہلے گاڑی کے ٹائروں پر گولیاں ماریں، گاڑی بیرئیر سے ٹکرائی تو ونڈ اسکرین اور پچھلے دروازے سے فائرنگ کرکے کار سواروں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔

ساہیوال واقعے کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں اور نہ اور کسی قسم کی مزاحمت کی جب کہ عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ گاڑی سے کپڑوں کے بیگ ملے۔

مزید خبریں :