پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیشرفت پر بریفنگ


لاہور: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کل سانحہ ساہیوال کے متاثرین سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انہیں سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان ایوان وزیراعلیٰ لاہور پہنچے جہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب کے دیگر افسران شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیشرفت پر بریفنگ جب کہ پولیس اصلاحات اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق بھی انہیں آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت دی کہ کل بروز پیر سانحہ ساہیوال کے متاثرین سے ملاقات کریں اور متاثرین کی خواہش کے مطابق عمل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر متاثرین کے لواحقین جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہیں تو اس پر بھی غور کیا جائے۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، نعیم الحق، افتخار درانی، صمصام بخاری، عائشہ چوہدری، یوسف بیگ مرزا، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، زلفی بخاری اور دیگر بھی شریک تھے۔

دوسری جانب ایوان وزیراعلیٰ کے باہر مزارعین اور قبضہ گروپ کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا جب کہ وزیراعظم کی موجودگی کے دوران قصور کی رہائشی بیوہ حسینہ بی بی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم انصاف دلائیں، میری زمین سے قبضہ چھڑایا جائے۔

مزید خبریں :