16 فروری ، 2019
دبئی: پاکستان سُپر لیگ کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ لیوک رونکی نے 5 رنز کی اننگز کھیلی۔
آخری اوورز میں سمت پٹیل اور فہیم اشرف نے 20، 20 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا اسکور تھوڑا آگے بڑھایا اور اسلام آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا پائی۔
ملتان کی جانب سے علی شفیق، شاہد آفریدی اور جنید خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عرفان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور جان کارلس نے کیا لیکن اوپنر ٹیم کو مستحکم آغاز دینے میں ناکام رہے۔
ملتان الیون کے کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی جب کہ شاہد آفریدی نے 19 ویں اوور میں 2 چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔
ملتان سلطانز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا، شعیب ملک 31، شان مسعود 26 اور شاہد آفریدی 16 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2، وقاص مقصود اور محمد سمیع نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان سطانز کی ایونٹ میں پہلی فتح ہے اور اس سے قبل ایک میچ ٹیم ہار چکی ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی ایک میچ میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔