01 مارچ ، 2019
اسلام آباد: سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہو گیا۔
عادل الجبیر کی آج پاکستان آمد متوقع تھی تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ اب سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کے دورے کے شیڈول میں تبدیلی ہو گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ پہلے کل بھارت کا دورہ کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عادل الجبیر کی اب اتوار کو پاکستان آمد متوقع ہے، اور دورے کی حتمی تفصیلات بدستور زیرغور ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کے 2 ملکی دورے کی تفصیلات نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عادل الجبیر کے مجوزہ دورے میں ملاقاتوں کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کا عمل بھی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ دورہ پاکستان میں ولی عہد کا خصوصی پیغام بھی پاکستانی حکام تک پہنچائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل الجبیر کے دورے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کے اقدامات کرنا ہے۔