کھیل
Time 04 مارچ ، 2019

سرفراز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹاپ فور میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی

احمد شہزاد اور شین واٹسن نے شاندار ففٹز اسکور کیں۔ فوٹو: پی ایس ایل

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور ایونٹ کے فائنل فور میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

گلیڈی ایٹرز نے زلمی کی جانب سے دیا گیا 166 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

 زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور آندرے فلیچر اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنائے جب کہ فلیچر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

98 کے مجوعی اسکور پر امام الحق بھی وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ تیسری وکٹ کامران اکمل کی گری جو کہ 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

پشاور کی جانب سے پولارڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 21 گیندوں پر 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ 

کوئٹہ گلیڈی کی ایٹرز کے محمد نواز، محمد حسنین، ڈی جے براوو اور فواد احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احسن علی نے کیا تاہم احسن علی دوسرے ہی اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد شین واٹسن اور احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور فتح کی بنیاد رکھی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں اور دونوں کے درمیان 129 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

احمد شہزاد 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شین واٹسن 91 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

کوئٹہ نے مقرر ہدف 18 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا جب کہ پشاور کی جانب سے ثمین گل اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :