Time 05 مارچ ، 2019
کھیل

پی ایس ایل میچز کا سیکیورٹی اور ٹریفک پلان



کراچی پولیس چیف نے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی سمیت دیگر اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر پولیس و رینجرز کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ 13 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں 250 کمانڈو اور خواتین پولیس اہلکار بھی ہوں گی جب کہ سیکیورٹی کے پیش نظر فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی ہے۔

اے آئی جی نے بتایا کہ سیکیورٹی کو 5 لئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم بنانے کے علاوہ مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔

میچ سے دو گھنٹے قبل گیٹ بند کردیے جائیں گے: کراچی پولیس چیف

ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ کرکٹ شائقین کے لیے 4 چیکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں، شائقین کو اسٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچ سے دو گھنٹے قبل گیٹ بند کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ مختلف مقامات پر پارکنگ کی جگہ بنائی گئی ہے جہاں سے شائقین کو اسٹیڈیم تک لانے کے لیے 500 شٹل چلائی جائیں گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ عوام کو تھوڑے سے مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ یونیورسٹی روڈ پر 4 مقامات اور ڈالمیا روڈ پر غریب نواز پارک میں بنائی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل اسٹیڈیم روڈ کے اطراف ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا تاہم اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال جانے والی سڑک کو کھلا رکھا جائے گا۔

ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ کارساز سے اسٹیڈیم، ڈالمیا روڈ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم والا ٹریک بھی بند رہےگا۔

مزید خبریں :