وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر عادل الجبیر سے ملاقات

فوٹو: پی ٹی وی نیوز

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ملاقات کی جس میں پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلطان کی ہدایت پر پاکستان آئے ہیں اور ان کے ایک روزہ دورے کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کی فضا کو معمول پر لانا ہے۔

فوٹو: پی ٹی وی

وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی طرف سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلقہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق طے کردہ امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے خاتمے کیلئے سعودی ولی عہد کی طرف سے مصالحت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

پاک بھارت حالیہ کشیدگی کا پس منظر

14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خود کش حملے کے نتیجے میں 40 سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے حملہ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کیا۔

بھارت نے 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس کی اطلاع پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بذریعہ ٹوئٹ دی گئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب پے لوڈ ( دھماکہ خیز مواد ) گرا کر فرار ہوئے۔

پاک فضائیہ نے اگلے ہی روز بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے اس کے 2 طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ ابھی نندن کو بھی پکڑ لیا جسے بعدازاں جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

مزید خبریں :