"نواز شریف کے گردوں کا مرض مزید بڑھ گیا اور بازو میں بدستور تکلیف ہے"

 نواز شریف کے ٹیسٹ میں "کریٹانائن" کی سطح مزید بڑھی ہوئی ہے: مریم نواز۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ نواز شریف کے گردوں کا مرض بڑھ گیا ہے اور ان کے بازو میں بدستور تکلیف ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں العزیزیہ ریفرنس کیس میں 7 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں جہاں ان کی طبیعت کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کو شدید تحفظات ہیں۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج جیل میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، نواز شریف کے گردوں کا مرض مزید بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ٹیسٹ میں "کریٹانائن" کی سطح مزید بڑھی ہوئی ہے، نواز شریف کے گردوں کا نظام خراب ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے گردوں کی بیماری پہلے ہی تیسری اسٹیج پر ہے جب کہ نواز شریف کے بازو میں بدستور تکلیف ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف کے جیل میں طبی معائنہ کے لیے حکام آج اسپیشلسٹ کا انتظام کر رہے ہیں، طبی معائنہ کے دوران نواز شریف کے ذاتی معالج کی موجودگی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کو اس کے لیے تحریری درخواست بھجوا دی گئی ہے۔


مزید خبریں :