17 مئی ، 2019
لندن: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر کم کرکے 500 ارب کا قرضہ ملک پر چڑھا دیا گیا، یہ پاکستان کی معیشت کا قتل عام نہیں تو اور کیا ہے؟
لندن میں جیو نیوز کوخصوصی انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اس طرح کی ڈکٹیشن کبھی کسی نے نہیں لی، پاکستان آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا ہے، یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان۔
لندن میں جیونیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شہبازشریف نے پاکستان واپسی میں تاخیر سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ چند طبی رپورٹس آنا باقی ہیں، توقع ہے کہ بجٹ سیشن سے قبل پاکستان پہنچ جاؤں گا۔
انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سب جانتے تھے کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران خان کند ذہن کے مالک ہیں، نہ کام کو سمجھتے نہ جانتے ہیں، بدقسمتی سے عمران خان ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بھی بہت بولتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ان سے زیادہ جھوٹا وزیراعظم میں نہیں دیکھا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں جاکر پاکستان کے متعلق ایسا پروپیگنڈہ کیا کہ پورے معاشی ماحول کو تباہ کردیا، پہلے ایمنسٹی کے خلاف تھے اب خود متعارف کرادی، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا دعویٰ کرنے والوں نے آج ان ہی کے بندوں کو اہم پوزیشنز پر تعینات کردیا، آئی ایم ایف سے اس طرح کی ڈکٹیشن کبھی کسی نے نہیں لی، پاکستان، آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا ہے، یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ معیشت بدترین حالات کا شکار ہے، اوورسیز تو کیا مقامی سرمایہ کار بھی پیسہ لگانے کو تیار نہیں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم کرکے 500 ارب روپے کا قرضہ ملک پر چڑھا دیا گیا، ڈالر مہنگا ہونے سے پاکستان کی معیشت کا قتل عام کیا گیا ہے۔