Time 30 مئی ، 2019
کھیل

ورلڈکپ فیورٹ انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 104 رنز سے زیر کردیا


لندن: دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے 'ورلڈکپ' کے افتتاحی میچ میں فیورٹ انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 104 رنز سے زیر کردیا۔

میزبان انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اووز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 207 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسری ہی گیند پر عمران طاہر نے بیئراسٹو کو آؤٹ کر دیا۔

پہلی وکٹ جلدی گرنے کے بعد جیسن رائے اور جو روٹ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا— فوٹو: آئی سی سی

جیسن رائے اور جو روٹ نے اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 54 اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلش کپتان این مورگن اور بین اسٹوکس نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ففٹیز اسکور کیں۔ مورگن 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بین اسٹوکس نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا جب کہ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیدی نے 3، عمران طاہر اور کگیسو ربادا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی اننگز

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے کیا تاہم 14 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقا کو اس وقت دھچکہ لگا جب ہاشم آملہ انگلش فاسٹ بولر چوفرا آرچر کی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار کی کی گئی گیند کی زد میں آگئے۔

آرچر کی تیز رفتار گیند ہاشم آملہ کے سر پر لگی جس کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

آرچر کی تیز رفتار گیند ہاشم آملہ کے سر پر لگی جس کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر جانا پڑا— فوٹو: ڈیلی میل

اس کے بعد مرکرم کریز پر آئے تاہم 36 کے مجموعی اسکور پر وہ 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان ڈوپلیسی سے جو صرف 5 رنز بناکر آرچر کا شکار ہوگئے۔

کوئنٹن ڈی کاک 68، جے پی ڈومینی 8، پریٹوریس ایک، فیلوکائیو 24، ربادا 11 اور ہاشم آملہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، پلنکیٹ اور اسٹوکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا— فوٹو: اے پی

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، پلنکیٹ اور اسٹوکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آل راؤنڈ کارکردگی پر بین اسٹوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقا کو فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل نہیں تھیں جو کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔


یاد رہے کہ ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں مدمقابل ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

افغانستان کے لیے یہ دوسرا موقع ہے کہ وہ ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہا جب کہ دیگر ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلادیش شامل ہیں۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں اپنے اپنے 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور 14 جولائی کو فائنل مقابلہ ہوگا۔

پاکستان اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو سری لنکا، 12 جون کو آسٹریلیا، 16 جون کو بھارت، 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا۔

مزید خبریں :