01 جون ، 2019
ناٹنگھم: ورلڈکپ کے پہلے میچ میں ہی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں قومی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق کپتان وسیم اکرم پھٹ پڑے۔
میچ کے اختتام کے بعد نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ پا کستانی بلے بازوں کو یہ سیکھنے کی اشد ضرورت ہے کہ گیند کو کس طرح دیکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب پچھلے 8 سالوں سے دبئی شارجہ میں سفید وکٹ پر کھیلیں گے تو پرابلم تو ہوگی، اگر آپ کے مین بیٹسمین جدوجہد کررہے ہیں تو ٹیل کیا کررہے ہیں۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میچ ٹیموں نے دیکھا ہے، اب سب کو معلوم ہے کہ پاکستان کو کیسے بولنگ کرنی ہے، دو وکٹیں گرنے کے بعد یوں لگا ٹیم خول میں چلی گئی، وکٹ پر کیسے ٹکنا ہے، ہماری ٹیم کے لیے یہ سیکھنا بہت ضروری ہے۔
وسیم اکرم نے حسن علی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو کہا کہ جب آپ اندھا دھند ماررہے ہیں تو اس کا مطلب آپ ڈرے ہوئے ہیں، حسن علی کا شاٹ دیکھ کر لگ رہا تھا جیسے وہ ڈرا ہوا ہے، ان کا کام ہے کہ روکے نہ کہ یہ خود ہی آؤٹ ہو جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کو واپس آنے کے لیے سخت محنت کی ضروت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ عامر کی بولنگ دیکھ کر خوشی ہوئی جس طرح وہ واپس آئے ہیں یہ بات ٹیم کے لیے خوش آئند ہے۔