26 ستمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے تیاریوں کے دوران بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر بروز جمعہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرجوش ہیں اور شائقین کرکٹ بھی سری لنکن ٹیم کو پاکستانی میدانوں میں خوش آمدید کہنے کے لیے بیتاب ہیں۔
پاکستان ٹیم کی آج نیشنل اسٹیڈیم آمد کے ساتھ ہی گہرے سیاہ بادلوں نے بھی گراؤنڈ کا رخ کر لیا، اس سے پہلے کہ بیٹسمین اور بولرز پریکٹس میں گرجتے برستے بادلوں نے برسنا شروع کر دیا۔
قومی ٹیم کا صرف 15 منٹ کا ٹریننگ سیشن ہی ہوا تھا کہ تیز بارش شروع ہو گئی جس کے بعد ٹیم کا ٹریننگ سیشن روک دیا گیا۔
بارش کے باعث فوری طور پر پریکٹس وکٹوں کو ڈھانپ دیا گیا جب کہ کھلاڑیوں نے بارش سے بچاو کے لیے ڈریسنگ روم میں پناہ لی تاہم بارش تھمتے ہی قومی ٹیم نے دوبارہ پریکٹس شروع کر دی۔
گزشتہ روز بھی بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کے پریکٹس سیشنز روک دیئے گئے تھے۔