15 اکتوبر ، 2019
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں کتے کے کاٹنے سے 25 افراد زخمی ہوگئے جس میں سے 23 افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے ڈاکٹر جہانزیب نے بتایا کہ کتےکے کاٹنے سے زیادہ تر زخمی ایف سی ایریا سےآئے اور شام 4 بجے سے کتے کے کاٹنے سے زخمی 23 افراد کو لایا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کتے کے کاٹنے سے زخمی تمام مریض باہر سے دوا خرید کر لائے ہیں، شہری یا سندھ حکومت نے ہمیں ادویات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب پولیس اور رینجرز اہلکار لوگوں کو کاٹنے والے کتے کو علاقے میں تلاش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بدین کی ایک خاتون کتے کے کاٹنے کے باعث شدید زخمی ہوئی تھیں جو بر وقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث چل بسیں تھیں۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں رواں سال کتے کے کاٹنے سے 17 اموات ہوچکی ہیں۔