کھیل
Time 21 اکتوبر ، 2019

”دی ہنڈریڈ “لیگ: 35 میں سے صرف 3 پاکستانی کھلاڑیوں کی بولی لگ سکی

پاکستان کرکٹ ٹیم— فائل فوٹو

انگلینڈ میں آئندہ سال ہونے والی نئی طرز کی کرکٹ لیگ”دی ہنڈریڈ “میں صرف تین پاکستانی کھلاڑی فرنچائزز کی توجہ حاصل کر سکے۔

دی ہنڈریڈ کے لیے 8ٹیموں نے کھلاڑیوں کی بولی گزشتہ شب لگائی اور  زیادہ ٹیموں کی پسند انگلش یا آسٹریلین کھلاڑی رہے۔

حیرت انگیز طور پر کسی بھی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 22 سنچریاں اسکور کرنے والے کرس گیل کو خریدنے میں دلچسپی نہ لی جب کہ سری لنکا کے لستھ ملنگا، جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا، فاف ڈوپلسی، شین واٹسن اور بنگلا دیش کے شکیب الحسن بھی ٹیموں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

"دی ہنڈرڈ" کے پلیئرز ڈرافٹ میں مجموعی طور پر 35 پاکستانی کھلاڑیوں کے نام شامل تھے مگر ان میں سے صرف 3 کھلاڑیوں محمد عامر ، شاداب خان اور شاہین آفریدی کو 3 مختلف ٹیموں نے خریدا۔

پاکستان کے محمد عامر کو لندن اسپرٹ نے، شاداب کو سدرن بریو اور شاہین آفریدی کو برمنگھم فینکس نے خریدا۔

افغانستان کے راشد خان، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک، ڈیوڈ وارنر ، اسٹیو اسمتھ، گلین میکسول اور آرون فنچ سب سے مہنگے داموں یعنی ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز میں فروخت ہوئے۔

لیگ کے لیے ہر ٹیموں نے مجموعی طور پر 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے جس میں سے 30 ہزار پاؤنڈز کے ایک کھلاڑی کو وہ آئندہ "ٹی 20 بلاسٹ" کے بعد وائلڈکارڈ کے ذریعے خرید سکتی ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے دی ہنڈریڈ لیگ جولائی 2020 میں منعقد کی جائے گی جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، یہ ٹورنامنٹ 20 اوورز (120 گیندوں) کے بجائے 100 گیندوں پر مشتمل ہوگا۔

فارمیٹ کے مطابق میچ کی دونوں اننگز 100، 100 گیندوں پر مشتمل ہوں گی جس میں 10 گیندوں بعد بولنگ اینڈ تبدیل ہوجائے گا جسے اوور کی تبدیلی کہا جائے گا۔

اس فارمیٹ میں اینڈ کی تبدیلی تو 10 گیندوں بعد ہی ہوگی تاہم کپتان کے پاس مسلسل 5 گیندوں کے بعد ایک بولر کی جگہ دوسرے بولر کو استعمال کرنے کا اختیار ہوگا۔

خیال رہے کہ یہ کرکٹ میں متعارف کروایا جانے والا نیا فارمیٹ ہوگا کیونکہ اس وقت کسی بھی طرز کی کرکٹ میں ایک اوور 6 گیندوں پر مشتمل ہوتا ہے جو صرف ایک ہی بولر کی ذمہ داری ہوتی ہے، اوور کے اختتام کے بعد بولنگ کے لیے نیا بولر وکٹ کی دوسری جانب سے گیند پھینکتا ہے۔

دی ہنڈریڈ میں اننگز کے دوران ایک بولر ضائع شدہ گیندوں (وائڈ، ڈیڈ اور نو بال) کے علاوہ صرف 20 مرتبہ گیند بازی کر سکے گا۔

اس فارمیٹ میں پاور پلے بھی متعارف کروایا گیا ہے جو ابتدائی 25 گیندوں پر مشتمل ہوگا۔

مزید خبریں :