08 نومبر ، 2019
سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرون ملک روانگی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ان کا نام 48 گھنٹے میں ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے جانے کا امکان ہے۔
نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
نمائندہ جیو نیوز کے مطابق نواز شریف کا نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اس لیے حکومت نیب سے مشاورت کرے گی اور قوی امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ نیب کو ریفر کیا ہے، اس حوالے سے شہبازشریف کی درخواست ملی ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کی جانب سے نیب کو بھی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی گئی ہے، شریف میڈیکل سٹی لاہور سے نواز شریف کی صحت کی رپورٹ طلب کی گئی ہے، یہ رپورٹ میڈیکل بورڈ سے ان کا مؤقف حاصل کرنے کے لیے دے دی گئی ہے، وزارت داخلہ اپنی سفارش حقائق، متعلقین کے مؤقف کو سامنے رکھ کر مجاز اتھارٹی کے سامنے رکھے گی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو دو روز قبل سروسز اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا جہاں سے وہ اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہو گئے تھے، جاتی امرا میں نواز شریف کے علاج کے لیے طبی سہولیات سے آراستہ خصوصی کمرہ بھی تیار کیا گیا ہے۔
نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ میاں صاحب کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہے اور انہیں دنیا میں جہاں بھی ممکن ہو علاج کے لیے جانا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کے لیے سیکریٹری وزارت داخلہ کو شہباز شریف نے باضابطہ درخواست جمع کرائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں نواز شریف کی بیماری اور بیرون ملک علاج کا ذکر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سروسز اسپتال میں دوران علاج نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنےکی تجویز زیر غور آئی تھی تاہم ڈاکٹرز کی رائے تھی کہ فضائی سفر کے لیے پلیٹیلٹس 50 ہزار سے زائد ہونا ضروری ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ فضائی سفر کے دوران پلیٹیلٹس 50 ہزار سے کم ہوئے تو دماغ کو نقصان ہو سکتا ہے، فضائی سفر کے دوران ائیر ایمبولنس اور ڈاکٹرز کا ساتھ ہونا بھی لازم ہے۔
یاد رہے کہ نواز شریف کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا جب کہ کچھ روز قبل وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے عندیہ دیا تھا کہ اگر ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج ناگزیر قرار دیا تو راستہ نکل سکتا ہے۔