Time 10 نومبر ، 2019
پاکستان

کراچی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک اور شخص جاں بحق

فوٹو: جیو نیوز

کراچی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد رواں سال سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی۔

جناح اسپتال کراچی کی سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والا 18 سالہ ذاکر خان نوری آباد کا رہائشی تھا۔

سیمی جمالی کے مطابق ذاکر خان کو 3 ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا تاہم اس نے اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگوائی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر اسے 9 نومبر کو جناح اسپتال میں لایا گیا جہاں اس نے آج دم توڑ دیا۔

حکام کے مطابق اب تک کتے کے کاٹنے سے سندھ بھر میں 21 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جناح اسپتال کراچی میں گزشتہ ہفتے بھی سرجانی ٹاؤن کا رہائشی محمد سلیم سگ گزیدگی کے باعث دم توڑ گیا تھا۔

رواں سال جناح اسپتال میں کتے کے کاٹنے سے 10 افراد کی اموات ہو چکی ہیں جب کہ سندھ بھر میں 21 افراد سگ گزیدگی کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


مزید خبریں :