کراچی کے انو بھائی پارک سے بڑی تعداد میں انسانی ہڈیاں برآمد

فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر تین میں ایک نجی اسپتال کے قریب واقع پارک سے بڑی تعداد میں انسانی ہڈیاں برآمد ہو ئی ہیں۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد کے معروف انو بھائی پارک سے کھدائی کے دوران بڑی تعداد میں انسانی ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں تاہم پولیس حکام اسے دہشت گردی کے نتیجے کی بجائے اسپتالوں میں انسانی آپریشن کا فضلہ یعنی میڈیکل ویسٹیج قرار دے رہے۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق ناظم آباد نمبر 3 میں واقع علاقے کے معروف انو بھائی پارک میں ان دنوں گرین لائن بس منصوبے کے سلسلے میں کھدائی کی جا رہی ہے۔

عارف اسلم کے مطابق اس دوران آج پارک کے مختلف مقامات سے کپڑے کے پراسرار رول اور گھتڑیاں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق تعمیراتی ٹھیکیدار نے ناظم آباد پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام ہڈیاں قبضے میں لے لیں۔

ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق پارک سے کوئی ایک بھی انسانی ڈھانچہ برآمد نہیں ہوا بلکہ کپڑوں میں لپٹی یا بندھی ہوئی مختلف جسمانی حصوں اور سائز کی ہڈیاں ملی ہیں جو مختلف انداز میں بندھی اور زمین برد کی گئی لگتی ہیں۔

عارف اسلم کے مطابق ہڈیوں کے ابتدائی معائنے سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اسپتال کا میڈیکل ویسٹیج ہے۔

ایک اور پولیس افسر کے مطابق اس پارک کے ساتھ ہی ہڈی کا معروف نجی اسپتال موجود ہے جس کی انتظامیہ نے ماضی میں مختلف آپریشن کے دوران کاٹے گئے انسانی اعضاء اس پارک میں ٹھکانے لگانے کے سلسلے کی تصدیق کی ہے۔

نجی اسپتال کی انتظامیہ نے پولیس کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کاٹی گئی ہڈیوں کو مریض یا لواحقین کے حوالے کر دیتے ہیں یا اگر کوئی مریض اپنے اعضا اسپتال میں چھوڑ کر چلا جائے تو اسپتال انتظامیہ خود اسے قریبی قبرستان میں دفنا دیتے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر سجاد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپتال میں جمع ہونے والے طبی فضلے کے لیے پوری دنیا میں اصول رائج ہے کہ اسے مخصوص طریقہ کار کے تحت تلف کر دیا جاتا ہے تاہم بدقسمتی سے پاکستان میں اس اصول پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر سجاد نے مزید بتایا کہ اسپتال انتظامیہ کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اگر وہ کسی مریض کو اس کے جسم کے کاٹے گئے اعضاء دے رہے ہیں تو انہیں محفوظ طریقے سے دیئے جائیں اور ہدایت کی جائے کہ ان اعضا کو پھینکا نا جائے کیونکہ اس سے بیماری دوسرے لوگوں کو لگنے کا بھی خدشہ ہے۔

ایس ایس پی عارف اسلم کے مطابق تمام ہڈیاں قبضے میں لے کر ان کا میڈیکل معائنہ کرایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :