Time 11 دسمبر ، 2019
پاکستان

مہوش حیات کا محبوب

مشرف تو سچے محبِ وطن ہیں جنہوں نے ملک کے لیے جنگیں لڑی ہیں اُنہیں بھلا بغاوت کا مجرم کیسے قرار دیا جا سکتا ہے— فوٹو فائل

مجھے علم نہیں تھا کہ مہوش حیات کا اور میرا محبوب ایک ہے، بھلا ہو ٹوئٹر کا جس کے ذریعے مجھے یہ خبر ملی کہ مہوش حیات اپنے محبوب قائد پرویز مشرف کے لیے بہت پریشان ہیں، مس حیات نے مشرف صاحب کی ایک ویڈیو دیکھی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر لیٹے نہایت ضعیف آواز میں یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اُن پر بنایا جانے والا بغاوت کا مقدمہ بالکل بےبنیاد ہے۔

وہ تو سچے محبِ وطن ہیں جنہوں نے ملک کے لیے جنگیں لڑی ہیں، اُنہیں بھلا بغاوت کا مجرم کیسے قرار دیا جا سکتا ہے، اور پھر انہوں نے یہ بھی شکایت کی انہیں انصاف نہیں مل رہا جو اُن کا قانونی حق ہے۔

یہ دلگدزا بیان سُن کر ہماری اسٹار اداکارہ سے رہا نہیں گیا اور انہوں نے چہکار (ٹوئٹ) کی کہ سیاست کو ایک طرف رکھیں، یہ شخص کبھی ہمارا صدر تھا، مشکل وقت میں اِس نے قوم کی رہبری کی ہے، اسے بھی شنوائی کا حق حاصل ہے، قانون کے مطابق ہر شخص اُس وقت تک معصوم ہے جب تک عدالت اسے مجرم قرار نہ دے۔

میں نے بھی جب اپنے محبوب قائد کا یہ ویڈیو کلپ دیکھا تو مہوش حیات کی طرح میرا دل بھی تڑپ اٹھا اور ذہن میں وہ پوری فلم چلنے لگی جب میرا محبوب کمانڈو پہلی مرتبہ اکتوبر 1999ء میں قوم سے ہم کلام ہوا تھا، اللّٰہ اللّٰہ کیا گھن گرج تھی آواز میں، کیا طنطنہ تھا۔

اُس دن میں نے اپنے کمرے سے تمام فلمی ہیرو اور ہیروئنوں کے پوسٹر پھاڑ کر اپنے اِس محبوب قائد کی تصویر آویزاں کر لی تھی، اور کیوں نہ کرتا، مدتوں بعد بالآخر قوم کو خیر اندیش آمر ملا تھا۔

میرے محبوب قائد کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ آپ نے دو مرتبہ اِس ملک پر احسانِ عظیم کیا اور آئین کے نام پر بنی ایک فرسودہ کتاب سے ہماری جان چھڑوائی، پہلی مرتبہ 12اکتوبر 1999ء اور دوسری مرتبہ 3نومبر 2007ء کو۔

فرانس کا عظیم جنرل ڈیگال بھی یہ کام نہ کر سکا، صرف اِسی ایک کارنامے پر ہی میرے محبوب کا مجسمہ مادام تسائو کے عجائب گھر میں کھڑا کر دینا چاہئے مگر متعصب انگریزوں سے مجھے بھلے کی کوئی امید نہیں۔

ویسے تو میرے محبوب قائد کو کسی عہدے کا کبھی لالچ نہیں رہا مگر عوام کی بےپایاں محبت کے ہاتھوں مجبور ہو کر میرے کمانڈو محبوب نے 20جون 2001ء کو بادلِ نخواستہ اُس وقت کے آئینی صدر کو سبکدوش کرکے اپنے ہی بنائے ہوئے آئین یعنی پی سی او کے تحت حلف اٹھایا اور نا چاہتے ہوئے صدر بن گئے۔

صدر بننے کے بعد آپ راتوں کو اٹھ اٹھ کر روتے تھے کہ اتنی بھاری ذمہ داری بغیر عوامی مینڈیٹ کے کیسے نبھائیں گے، حواریوں نے بہت کہا کہ آپ کو کسی عوامی تائید کی ضرورت نہیں مگر میرا محبوب قائد دل سے جمہوریت پسند تھا ، وہ اِن باتوں میں نہیں آیا اور بالآخر اپریل 2002ء میں ریفرنڈم کروایا، دنیا نے دیکھا کہ کیسے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر میرے محبوب قائد کے جلسوں میں آیا۔

98فیصد لوگوں نے اپنے ہر دلعزیز قائد کے حق میں ووٹ دے کر مٹھی بھر شر پسندوں کے منہ بند کر دیے۔اسی سال صدام حسین نے بھی ریفرنڈم کروایا تھا جس میں سو فیصد لوگوں نے اس کے حق میں ووٹ دیے، دنیا اُس پر خوب ہنسی اور میرے محبوب قائد کی کشادہ دلی کی تعریفیں کی گئیں۔

اب ایک لطیفہ بھی سن لیں، کسی مردِ ناہنجار نے اس ریفرنڈم کی قانونی حیثیت کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی، اِس پر میرے محبوب قائد کے وکلا نے درخواست گزار کے یہ کہہ کر چھکے چھڑا دیے کہ ریفرنڈم صدر کے انتخاب کا متبادل نہیں مگر میرے محبوب کی مقبولیت کو کہاں لے کر جاؤ گے!

یہ اعزاز بھی میرے محبوب قائد ہی کو جاتا ہے کہ آپ نے تین سال کے اندر اندر انتخابات کروائے اور تن تنہا آئین کی شکل بہتر کرکے اسے بحال کیا۔

ناقدوں کے منہ بند کرنے کے لیے میرے محبوب قائد نے سوچا کہ کیوں نہ نئی اسمبلیوں سے ہی صدر منتخب ہو جاؤں مگر اِس میں اڑچن یہ تھی کہ بلوچستان اسمبلی کے 65 ووٹوں کا وزن باقی تینوں صوبائی اسمبلیوں کے کل ووٹوں کے برابر تھا، جہاں سے اکثریت حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔

اس کا حل سب سے زیادہ پڑھے لکھے ایس ایم ظفر صاحب نے پیش کیا کہ اگر آئین کے ساتھ دست درازی کر کے صوبائی اسمبلیوں کے ووٹ برابر کر دئیے جائیں اور ممبران سے ہاتھ اٹھوا کر ووٹنگ کروالی جائے تو مطلوبہ اکثریت حاصل ہو جائے گی، نسخہ تیر بہدف ثابت ہوا، میرا محبوب قائد باوردی صدر منتخب کر لیا گیا۔

میرے محبوب قائد کو 2007ء میں ایک مرتبہ پھر صدر کے انتخاب کا مرحلہ درپیش ہوا، آپ اِس ملک کے احمقانہ قوانین ملاحظہ کریں کہ آئین کے شیڈول 2میں صدر کے کاغذات نامزدگی کا فارم ہے جسے پُرکرتے وقت لکھنا پڑتا ہے کہ امیدوار ’’سروس آف پاکستان‘‘ میں نہیں ہے۔

بات چونکہ بے سروپا تھی اِس لیے چیف الیکشن کمشنر نے محبوب قائد کی اجازت سے تبدیل کرکے یہ عبارت حذف کر دی،میں کون کون سی بات پر اپنے محبوب کے صدقے واری جاؤں، اپنے آپ کو سستا اور فوری انصاف مہیا کرنے کی یہ مثال میرا محبوب قائد ہی قائم کر سکتا تھا!

ایک گستاخ نے اِس انتخاب کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا کہ آرمی چیف صدر کا انتخاب نہیں لڑ سکتا، اِس کے بعد میرے محبوب قائد نے ایک مرتبہ تاریخ رقم کی اور 3نومبر 2007کو ایمرجنسی نافذ کرکے سپریم کورٹ کو ہی گھر بھیج دیا!

اللّٰه‎ کو جان دینی ہے، کون ہے ایسا جی دار اور کڑیل جوان جو یہ سب کرنے کی ہمت رکھتا ہو، یاد رہے کہ میرے محبوب قائد کے کارناموں کا یہ محض ٹریلر ہے، اصل فلم تو کبھی مہوش حیات کے ساتھ مل کر دیکھیں گے۔

یہ اِس ملک کی بد قسمتی ہے کہ جس شخص نے فوری اور سستا انصاف حاصل کرنے کی ذاتی مثالیں قائم کیں اسے ہی انصاف سے محروم کر دیا جائے، میرا محبوب قائد اگر آج کرسی پر ہوتا تو تیسری مرتبہ اِس ملک کو آئین کی نحوست سے بچانے کی خاطر کسی بھی حد تک چلا جاتا۔

اس کالم کی وساطت سے میں نے مہوش حیات کو بھی ایک مشورہ دینا ہے کہ انصاف اور قانون وغیرہ کی باتیں آئین کے تحت ہوتی ہیں، ہمارا محبوب تو آئین سے ماورا تھا/ہے لہٰذا اسے آئین کے تحت ملنے والی کسی بھیک کی ضرورت نہیں، مناسب ہو گا اگر آپ ایک ترمیم شدہ چہکار مزید کر دیں!

مزید خبریں :