19 دسمبر ، 2019
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 3 پاکستانی فوجی زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جورا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں 14 سالہ شہریار اور 29 سالہ نوید شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستانی فوج کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوجی پوسٹ کو نقصان پہنچا اور بھارتی پوسٹ سے لاشوں کو نکالتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اوربھارتی فوج میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 پاکستانی فوجی زخمی بھی ہوئے۔