29 دسمبر ، 2019
مانسہرہ میں 10 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوگئی جب کہ 3 روز بعد مبینہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق 3 روز قبل مانہسرہ کے گاؤں ٹھاکر میرا میں مدرسے کے 10 سالہ طالب علم کے ساتھ جنسی زیادتی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ میڈيکل رپورٹ میں طالب علم پر جنسی زیادتی اور تشدد ثابت ہوگیا ہے، رپورٹ کے مطابق بچے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کی کہنیوں پر زخم اور آنکھوں میں سوجن کے نشانات بھی ہیں۔
دوسری جانب مدرسہ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بچے پرتشدد مدرسہ کے طالبعلم شمس الدین نے کیا ہے، بچے کا ساتھی طالب علم شمس الدین سے جھگڑا ہوا تھابچے سے زیادتی کاعلم نہیں،ایک جیسے ناموں کی وجہ سے قاری شمس الدین کو ملزم قرار دے دیا گیا اس لیے انہوں نے خود کو پولیس کے حوالے کیا ہے۔
اس سے قبل پولیس نے ملزم قاری شمس الدین کے بھائی سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے مدرسے کو سیل کردیا ہے جب کہ ملزم قاری شمس الدین جو کہ سرکاری اسکول میں استاد بھی ہے کے خلاف محکمہ تعلیم نے بھی انکوائری شروع کردی ہے۔