پاکستان
Time 06 جنوری ، 2020

خواجہ برادران اور شاہد خاقان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

فائل فوٹو

لاہور/ راولپنڈی: احتساب عدالتوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق اور شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کردی۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس کی سماعت کی جس سلسلے میں جیل حکام نےخواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا۔

 خواجہ سعد رفیق نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ رات بیرک میں آتشزدگی کےدوران سرلوہےکے راڈسے لگنے سے زخمی ہو گیا، کچھ دیر تک کچھ نظر نہ آیا۔

انہوں نےیہ شکایت بھی کی کہ جیل حکام قومی اسمبلی کے اجلاس کےموقع پر انہیں روزانہ اسلام آباد لے جاتے اور واپس لاہور لاتے ہیں لہٰذا عدالت اسلام آباد میں سب جیل قرار دے کر وہیں رکھا جائے۔

عدالت نے جیل میں آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی۔

شاہد خاقان کے ریمانڈ میں بھی توسیع

دوسری جانب راولپنڈی کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

دورانِ سماعت شاہد خاقان عباسی نے جج سے مکالمہ کیا کہ نیب کا ترمیمی آرڈیننس آچکا ہے، ہمیں ابھی تک ریفرنس کی نقول بھی نہیں مل سکیں، ترمیمی آرڈیننس کی روشنی میں دیکھنا ہے اس ریفرنس کا کیا اسٹیٹس ہے، ریفرنس میں کئی ایسےلوگ ہیں جو پبلک آفس ہولڈر نہیں رہے۔

سماعت کے موقع پر عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کی جائیں گی جب کہ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 21 جنوری تک توسیع کردی۔

مزید خبریں :