کمزور بینائی والے افراد کو نظر کا نیا چشمہ لگانے سے سر درد کیوں ہوتا؟ وجہ جانیے

فوٹو: فائل

ایسے افراد جن کی بینائی کمزور ہوتی ہے انہیں بینائی اور چشمے سے جُڑے کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ اگر کمزور بینائی والے افراد نیا چشمہ لگاتے ہیں تو انہیں آنکھوں اور سر میں ہلکا درد بھی محسوس ہوتا ہے۔

اس بات سے تمام کمزور بینائی والے افراد ضرور اتفاق کرتے ہوں گے، چاہے آپ کا نیا چشمہ کتنا ہی اچھا اور آرام دہ کیوں نا ہو، چشمہ تبدیل کر کے نیا چشمہ لگانے سے آنکھوں اور سر میں ہلکا درد ضرور محسوس ہوتا ہے۔

فوٹو: فائل

آج ہم آپ کو نیا نظر کا چشمہ لگانے کے بعد ہونے والے سر درد کی وجہ اور اس سے نجات حاصل کرنے کے بارے میں ہی بتائیں گے۔

نظر کا نیا چشمہ لگانے سے سر درد کیوں ہوتا ہے؟

اگر آپ کی بینائی کمزور ہے تو ضروری ہے کہ آپ کو نظر کا چشمہ لگانا ہی پڑے گا، انسان کی بینائی دو طرح سے کمزور ہوتی ہے ایک ’قریب‘ جب کہ دوسری ’دور‘ کی۔

قریب کی بینائی کمزور ہونے کی وجہ سے انسان کو قریب رکھی چیزوں کو دیکھنے میں دشواری ہوتی ہے خاص کچھ پڑھتے لکھتے وقت۔

اسی کے برعکس دور کی بینائی کمزور ہونے کی وجہ سے انسان کو دور کی چیزیں دیکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان دونوں مسائل کے لیے ماہرینِ طب  نظرکا چشمہ لگانے کا ہی مشورہ دیتے ہیں، اب بات یہ ہے کہ کافی عرصے تک نظرکا ایک ہی چشمہ استعمال کرنے سے ہماری آنکھوں کے مسلز (پٹھے) اس چشمے کے ہی مطابق خود کو ڈھال لیتے ہیں۔

اور جیسے ہی آپ پرانے چشمے کی جگہ نیا چشمہ لگاتے ہیں تو ہماری آنکھوں کو خود کو نئے لینس کے مطابق ڈھالنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے، ہماری آنکھیں فوری طور پر تبدیلی کو قبول نہیں کرتی۔

یہ سر اور آنکھوں کا درد اس وقت تک ٹھیک ہے جب یہ بہت ہلکا یعنی معمولی سا ہو اور نیا چشمہ لگانے کے ایک ہفتے کے اندر اندر ٹھیک ہوجائے، اگر یہ تکلیف ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود بھی ہے تو آپ کو اپنے معالج سے رجوع کرنا پڑے گا۔

نوٹ: یہ معلومات مختلف انٹرنیشنل جرنلز میں شائع شدہ تحقیقات سے حاصل کی گئی ہیں۔ اگر آپ کسی الرجی یا بیماری میں مبتلا ہیں تو اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :