24 اگست ، 2012
نیویارک … امریکا کے شہر نیویارک کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق حملہ آور کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے۔ نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہٹن میں واقع ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ امریکی وقت کے مطابق صبح 9 سے ساڑھے 9 بجے کے درمیان ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے اندر سے فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی و امدادی ادارے واقعے کے مقام پر پہنچ گئے۔ پولیس نے فائرنگ سے حملہ آور سمیت 2 افراد کے ہلاک اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے اندر اور باہر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ 102 منزلہ اور 1250 فٹ بلند ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہٹن میں واقع ہے جس میں بڑی بڑی کمپنیوں کے دفاتر واقع ہیں اور اس ملکی و غیر ملکی سیاح اس عمارت کی سیر کرنے آتے ہیں۔