پاکستان
Time 08 فروری ، 2020

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی پر فائرنگ پر احتجاج

تناؤ بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا: دفترخارجہ— فوٹو:فائل 

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور گوروو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی افواج نے ایل او سی کے چڑی کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے گاؤں کاکوٹہ کا ایک رہائشی شہید اور خاتون زخمی ہوئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج ایل او سی پر آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہے۔ 

دفترخارجہ کے مطابق تناؤ بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت کی طرف سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے اور اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے، یو این امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چڑی کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاؤں کاکوٹہ کا رہائشی میر محمد شہید ہوگیا۔

مزید خبریں :