25 اگست ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ انتخابات کیلئے اپوزیشن جماعتیں کم از کم ایجنڈے پر گرینڈ الائنس بنائیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں، عدلیہ اور اداروں سے محاذ آرائی کرپٹ حکمرانوں کا چور مچائے شور فارمولا ہے۔ انہوں نے یہ بات منصورہ سے جاری ایک بیان میں کہی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات کیلئے اپوزیشن جماعتیں کم از کم ایجنڈے پر گرینڈ الائنس بنائیں تاکہ متنازع ووٹر لسٹوں کی جگہ شفاف اور درست فہرستیں، الیکشن کمیشن کو بااختیار بنانے، قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومت، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور پولنگ ڈے کو دھونس، دھاندلی اور ناجائز ٹھپہ جمہوریت سے بچایا جاسکے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا بلاتاخیر اعلان کیا جائے۔ صدر آصف علی زرداری کا اقتدار سے چمٹے رہنے کا شوق انہیں جنرل (ر) پرویز مشرف سے بھی زیادہ ذلت و رسوائی کا شکار کردے گا۔