25 اگست ، 2012
اسلام آباد…تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ہر صورت وزیرستان جائیں گے، روٹس اور لاجسٹکس طے کیئے جارہے ہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ وہ ڈرون حملوں میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کی حقیقت منظر عام پر لائیں گے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے دورہ وزیرستان پر مشاورت جاری ہے، ڈرون حملوں میں مرنے والوں کی اکثریت بے قصور پاکستانیوں کی ہے ، جن کے نام حکومت نہیں بتاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایک لاکھ سے زائد لوگ وزیرستان جائیں گے، جس میں بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، سیکیورٹی مقامی قبائل فراہم کریں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جووزیرستان جاکرامن کے قیام کی بات کرسکتی ہے۔