پاکستان

غیرمنافع بخش اداروں اور سرکاری املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیرمنافع بخش اداروں اور غیراستعمال شدہ سرکاری املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نجکاری کے عمل میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، سیکرٹری نجکاری ڈویژن اور دیگر سینیئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ رواں سال 7 ادارے اور املاک کی نجکاری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

ان میں دو آر ایل این جی پاور پلانٹس، ایس ایم ای بینک، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد اور 27 سرکاری اراضیوں کی نجکاری وغیرہ شامل ہے۔

سیکرٹری نجکاری ڈویژن نے وزیرِاعظم کو مختلف سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غیر منافع بخش اداروں اور غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے، اس سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری سے عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل میسر آئیں گے، نجکاری کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے۔

مزید خبریں :