کورونا سے بچاؤ کیلیے ہالز میں شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے سبب ہالز میں شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ کو  نوٹیفکیشن جاری کرنےکی ہدایت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شادی ہالز اور درگاہوں پر پابندی عائد کی جائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے وزراء کو بھی عوامی تقریبات میں جانے سے منع کر دیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق چیف سیکرٹری کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کو بھی بند کرنےکی ہدایت جاری کی گئی ہے، ساتھ ہی مدارس میں بھی بچوں کی پڑھائی کو عارضی طور پر بند کرنے کا کہا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سندھ حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے اور اسی کے تحت کراچی میں 120 بستروں اور 16 وینٹی لیٹرز پر مشتمل اسپتال کو کورونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا سے بچاؤ کے لیے ہر ضلع میں قرنطینہ سینٹر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

واضح رہےکہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا نیا کیس  سامنے آنے کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 29 ہو گئی ہے جس میں سے دو افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

مزید خبریں :