گوگل کے بعد ایپل اسٹور نے بھی کورونا سے متعلق ایپس ہٹانے کا کام شروع کر دیا

فوٹو: فائل

کورونا وائرس سے متعلق جعلی معلومات اور گمراہ کرنے والے مواد کو ہٹانے کے لیے گوگل اسٹور کے بعد ایپل اسٹور بھی اقدامات کرنے میں سرگرم عمل ہے۔

ایپل کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایپل اسٹور پر کووڈ-19 سے متعلق غیر رجسٹرڈ اور غیر تصدیق شدہ ایپس اور گیمنگ ایپس کو ہٹایا جا رہا ہے۔

کمپنی کے جاری اعلامیے کے مطابق حکومتی تنظیموں اور رجسٹرڈ این جی اوز کے علاوہ کسی بھی کمپنی کی جانب سے کورونا سے متعلق بنائی جانے والی ایپس کو ایپل اسٹور سے ہٹا دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے حوالے سے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس پر جعلی معلومات شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے لہذا جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے حال ہی میں گوگل نے پلے اسٹور سے کورونا وائرس سے متعلق تمام ایپس ہٹا دی تھیں۔

کورونا وائرس سے متعلق جعلی معلومات کے حوالے سے فیس بک کی جانب سے بھی اقدام کیا گیا تھا جب کہ آن لائن ریٹیل کمپنی ایمازون کی جانب سے کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے والی تمام تر جعلی پروڈکٹس ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی تھیں۔

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال

عالمی وبا سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 730 ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد 5 ہزار 839 تک پہنچ گئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے اور مریضوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم چین میں مزید 20 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 844 ہوگئی ہے۔

دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اب تک 3 ہزار 199 افراد ہلاک ہو چکے جب کہ 67 ہزار کے قریب افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

مزید خبریں :