کورونا وائرس: ہالی وڈ فلم ’میٹرکس 4‘ کی شوٹنگ روک دی گئی

فوٹو: فائل

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متعدد سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور اب وارنر بروس نے فلم ’میٹرکس 4‘ کی شوٹنگ روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا آغاز فروری سے ہوا تھا اور برلن میں شوٹنگ مکمل کی جاچکی تھی۔

بعدازاں اب فلم ’میٹرکس 4‘ کی شوٹنگ کا آغاز امریکی ریاست سین فرانسسکو میں کیا جانا تھا۔

تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کرنے کے بعد فلم کے پروڈکشن ایگزیکیٹو کی جانب سے شوٹنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلم ’میٹریکس 4‘ کی شوٹنگ کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے جب کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ بھی تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال 

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز اٹلی میں ایک ہی روز میں 368 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جب کہ ایران میں بھی 98 افراد ہلاک ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں 14 نئی ہلاکتیں اور 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :