Time 19 مارچ ، 2020
پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا کی روک تھام کیلئے 5 ارب روپے کا فنڈ قائم کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 5 ارب روپے کے خصوصی فنڈ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس ہوا ، اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات اور ضروری ساز و سامان کی دستیابی اور خریداری کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب  نے کورونا کی تشخیصی کِٹس جلد منگوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی میں کیے گئے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

عثمان بزدار نے صوبے میں ماسک اور سینی ٹائزر ذخیرہ کرنے والوں کےخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے مافیا کی جگہ جیل ہے،  عوام کو ماسک اور سینی ٹائزر کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تفتان میں اپنے وسائل سے قرنطینہ مرکز قائم کرنا چاہتی ہے، متعلقہ محکمے اور ادارے بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر مزید اقدامات کریں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مشکل حالات میں اپنے صوبے کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، گھروں میں سیلف آئسولیشن کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے، سیلف آئسولیشن کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی دی جائے۔

اجلاس میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو رات 7 یا رات 8 بجے بند کرنے کی تجویز دی گئی جس پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ کمیٹیوں سے اس حوالے سے سفارشات طلب کرلیں۔

 پنجاب میں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 78 ہوگئی

خیال رہے کہ پنجاب میں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی ہے،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں384 نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں سے 320 کے نتائج منفی آئے جب کہ 78 افراد کے کیسز مثبت رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث حفاظتی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے  دفعہ 144 اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

 تمام سرکاری دفاتر میں عام شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، شاپنگ مالز، ہوٹل اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے جب کہ میڈیکل اسٹورز اور کریانے کی دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔

اس کے علاوہ مری سمیت پنجاب بھر کے سیاحتی مقامات  بھی سیاحوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :