کورونا وائرس کے باعث معیشت پر اثر: موجودہ حالات میں جلد زکٰوۃ دینا افضل قرار

اسلامی نظریاتی کونسل نے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے بعد موجودہ حالات میں جلد زکٰوۃ  دینے کے عمل کو افضل قرار دے دیا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑا ہے لہٰذا سال پورا ہونے سے پہلے زکٰوۃ دیہاڑی دار مزدوروں اور مستحق افراد کو دی جائے۔

کونسل کے مطابق موجودہ حالات میں جلد زکٰوۃ دینا افضل عمل ہے اور شرعی سال گزرنے سے پہلے زکٰوۃ دی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں معاشی سرگرمیاں مانند پڑگئی ہیں جبکہ ملک بھر میں پارکس، عوامی اجتماعات اور دیگر کاروبار زندگی بند ہے۔

سندھ میں بھی مارکیٹس، ہوٹلز اور شاپنگ مالز بند کردیے گئے ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں ختم ہونے سے دیہاڑی دار مزدور طبقے کو شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔

کورونا وائرس کی ملک میں صورتحال

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 2 افراد کا تعلق خیبرپختونخوا اور ایک کا سندھ سے ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 451 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی بڑی تعداد سندھ میں ہے جہاں کل کیسز 238 ہوگئے ہیں۔

سندھ میں سب زیادہ سکھر میں ہیں جہاں تفتان سے پہنچنے والے زائرین میں سے اب تک 151 کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔

پنجاب میں 80، بلوچستان میں 81، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت میں 21، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید خبریں :