آرمی چیف کا پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو  سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ   انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچاؤ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ  پہلے انفرادی طور پر ذمہ دار شہری بننا ہے تاکہ اجتماعی سطح پر حکومتی اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے، ایسا کرنے سے ہی قوم کی کوشش کامیاب ہو گی۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور  پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے اور پاک فوج بھی قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضے کے طور پر انجام دیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ  انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اور اسی طرح ہی قوم کو کامیابی ملے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 519 ہوگئی ہے۔

مہلک وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت کی جانب سے اعلی سطح کے حفاظتی اقدامات جاری ہیں جس کے تحت ملک کے اسکول، دفاتر  سب بند ہیں جب کہ کھیلوں کی سرگرمیاں، ایونٹس بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

مزید خبریں :