28 مارچ ، 2020
چین نے کورونا وائرس بچاؤ کے لیے اسپتالوں میں جراثیم کش اسپرے کرنے کے لیے روبوٹس تیار کرلیے۔
جراثیم کش روبوٹس کو شنگھائی میں چین سے منسلک کینون روبوٹک کمپنی نے تیار کیا ہے جو خودکار طریقے سے اسپتالوں میں وائرس کے بچاؤ کے لیے جراثیم کش اسپرے کرے گا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ جیسے ہی اس وبا نے پھیلنا شروع کیا تو متعدد افراد کی جانب سے ادویات، کھانے اور دستاویز کی ترسیل کے لیے ڈیلورنگ روبورٹس تیار کرنے کی درخواست موصول ہورہی تھی، ایسے میں سب سے زیادہ ضرورت جراثیم کش اسپرے روبوٹس کی محسوس کی گئی ۔
کمپنی کے مینیجر نے کہا کہ اسے یو وی لائٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے بنایا گیا ہے جس کے سب سے اوپر نوزیل دیا گیا ہے جس کے ذریعے وہ اسپتال میں گردش کرتے ہوئے جراثیم کش اسپرے کرے گا۔
اس روبوٹ کی لمبائی 1.4 میٹر ہے جب کہ اس میں جراثیم کش مائع 1500 ملی میٹر تک محفوظ رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
جراثیم کش اسپرے روبوٹ کو چارج ہونے میں پورے 6 گھنٹے درکار ہوتے ہیں جس کے بعد یہ 8 گھنٹے تک باآسانی کام کرسکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ سے ان رضاکاروں کی حفاظت ہوگی جو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خود جراثیم کا خطرہ مول لے کر اسپرے کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے جنوری میں پھیلنا شروع ہوا تھا جس نے 195 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے طبی آلات، ویکسین اور مشینیں تیار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔