پاکستان
Time 20 اپریل ، 2020

وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس آئی کی صدر مملکت سے ملاقات

وزیر اعظم عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور قومی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے کورونا سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور  وزیراعظم کی جانب سے ترقی پذیرممالک کے قرضوں کی ادائیگی کو مؤخر کرنےکی اپیل کو بھی سراہا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت مستحق افراد کی مدد کے لیے احساس  پروگرام سمیت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے۔

ملاقات میں علمائے کرام سے طے کردہ ایس او پیز  پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ وزیراعظم نے صدر مملکت کی طرف سے رمضان میں عبادات کے  حوالے سے علمائے کرام میں اتفاق رائے پیداکرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات کے دوسرے مرحلے میں ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس ( ڈی جی آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر  بھارت کی طرف سے  لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ اور خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی جب کہ کوروناکے بہانے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس دوران کورونا کےموجودہ بحران کے باوجود مقبوضہ کشمیرکے عوام کو بنیادی سہولیات سےمحروم رکھنے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔

مزید خبریں :