Time 25 اپریل ، 2020
پاکستان

حکومتی ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مساجد کے حوالے سے سخت فیصلہ کریں گے: گورنر پنجاب

ملتان : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مساجد کے حوالے سے سخت فیصلہ کریں گے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا میں یہ محسوس کر رہا ہوں کہ لوگ لاک ڈاؤن کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اب برا وقت آنے والا ہے، ہم سب کو بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اگر  حکومتی ایس او پیز  پر عمل نہ ہوا تو مساجد کے حوالے سے سخت فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی تعداد بڑھنے پر ہم یونیورسٹیوں کے ہاسٹلز کو قرنطینہ بنائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے تاہم چند روز قبل صدر مملکت اور علمائے کرام کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے 20 نکات پر اتفاق ہوا تھا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علمائے کرام سے مذاکرات کے بعد جو بھی ان نکات کی خلاف ورزی کرے گا وہ گناہ کرے گا جب کہ علمائے کرام نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ حکومت کے ساتھ جن ایس او پیز پر اتفاق ہوا ہے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں :