کراچی میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے کمسن بچہ جاں بحق، والد زخمی

کراچی میں پتنگ کی ڈور  گردن پر پھرنے سے  2 سالہ معصوم بچہ سفیان جاں بحق جب کہ والد زخمی ہوگئے۔

دو سالہ سُفیان اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ کراچی کے علاقے ناظم آباد 2 نمبر کے قریب گلے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا جب کہ  والد کا بازو بھی ڈور پھرنے سے معمولی زخمی ہوا۔

بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم  خون زیادہ بہہ جانے کے سبب سفیان دم توڑ گیا۔ 

 بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے اہل کار سفیان کی جان بچانے کی کوشش کی بجائے پولیس کارروائی کا انتظار کرتے رہے، پولیس حادثے کے دو گھنٹے بعد اسپتال پہنچی اور اس دوران وہ انتقال کر گیا۔ 

 والدین کا کہنا تھا کہ اسپتال منتقل کرنے تک سفیان کی سانسیں چل رہی تھیں۔

دوسری جانب گلبہار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جو باپ بیٹے ہیں۔ 

اس سے قبل بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے کراچی کے علاقوں لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد کے اطراف میں کئی بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور پولیس ان واقعات کی روک تھام میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔

 جب کہ اسپتال کی جانب سے فوری طبی امداد فراہم نہ کرنے کا الزام بھی تشویش ناک ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مزید خبریں :