Time 06 مئی ، 2020
کھیل

’وزیراعظم قانون بنوائیں، فکسنگ کرنیوالے کھلاڑیوں کے ساتھ بکیز کو بھی پھانسی دی جائے‘

فائل فوٹو

کراچی: سابق کرکٹر جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں فکسنگ کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ بکیز کو بھی پھانسی دی جائے۔

ایک انٹر ویو میں جاوید میانداد نے کہا کہ ’عمران میرے گھر سے وزیر اعظم بن کر نکلے تھے، وہ میرے بھائی اور دوست ہیں اب میرا مشورہ ہے کہ وہ کرکٹ کرپشن کے لیے قانون سازی کریں، یہ کام کرنے کے لیے صاف ستھرے اور باکردار لوگوں کو لانا ہوگا‘۔

جاوید میانداد نے کہا کہ’ میں نے عمران خان کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے، کرکٹ کرپشن میں کبھی ان کا نام نہیں آئے گا، میری باتیں ان لوگوں کواس لیے کڑوی لگتی ہیں کیونکہ غلط کام کرنے والوں کے دل میں میل ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’1999 میں فکسنگ کا اندازہ ہوگیا تھا جس پر کوچنگ چھوڑ دی، فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں نے ملک کے ساتھ اپنے خاندان اور مداحوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے‘۔

جاوید میانداد نے  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹرعطا الرحمٰن آج رو رو کر بتا رہا ہے کہ مجھے پھنسایا گیا اس کے علاوہ جسٹس قیوم کمیشن کو فکسنگ سے متعلق سب کچھ بتایا لیکن کھلاڑی بچ نکلے، کمیشن نے جن کرکٹرزکو  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے دور رکھنے کا کہا آج بھی وہ کرکٹ بورڈ سے جڑے ہوئے ہیں۔

جاوید میانداد نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹرز کمزور قوانین کی وجہ سے بچ نکلتے ہیں اس لیے چاہتا ہوں وزیر اعظم قانون بنوائیں اور ایسے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بکیز کو بھی پھانسی دی جائے،  جب تک بکیز کو سزا نہیں ہوگی، کھلاڑی ایسے ہی اسپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں :