08 فروری ، 2012
لاہور … پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پولیس کو 48 گھنٹوں کے اندر دوا ساز فیکٹری سانحے کے ملزموں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ واقعے میں جس کی بھی نااہلی یا غفلت ثابت ہوئی اور جو بھی ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب لاہور کے علاقے کھاڑک میں بوائلر پھٹنے سے تباہ ہونے والی فیکٹری کے جائزے کیلئے پہنچے، جہاں انہیں ریسکیو کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں ایسی فیکٹریاں قائم کرنے کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، ان کا کہنا تھا کہ ملزموں کو قانون کے مطابق سزاملے گی اور کوئی بھی بچ نہیں سکے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ فیکٹری متاثرین سے دو روز میں ملاقات کرکے ان کے مسائل حل کریں گے۔