دنیا
Time 19 مئی ، 2020

بھارتی انتہا پسندوں نے چندمسلمانوں میں کورونا کی تصدیق پر پوری بستی جلا ڈالی

بھارت میں ہندو انتہاپسندوں نے چند مسلمانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پوری بستی جلا ڈالی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے علاقے تیلینی پاڑا میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اور  راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے غنڈوں نے کورونا کی آڑ میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کردیا۔

رپورٹ کے مطابق انتہا پسندوں نے اشیائے ضرورت کی خریداری کیلئے باہر نکلنے والے چند مسلم نوجوانوں کو  یہ کہہ کر تشدد کا نشانہ بنایا کہ 'ان کی آبادی میں 5 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے اس کے باوجود وہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر کیوں گھوم رہے ہیں'۔

انتہاپسندوں کی جانب سے مسلم نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ الزام لگایا گیاکہ وہ جان بوجھ کر ہندو آبادی میں کورونا وائرس پھیلا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد  انتہا پسند لیڈروں نے مزید اشتعال انگیز بیانات دیے جس کے بعد علاقے میں فسادات پھوٹ پڑے اور بڑی تعداد میں انتہا پسندوں نے مسلم آبادی پر حملہ کردیا، اس دوران متعدد گھروں اور دکانوں کو آگ لگادی گئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے تاہم مسلمانوں کیلئے زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور ان کیلئے رمضان میں ضروری سامان کی خریداری مشکل بنا دی گئی ہے، شرپسند مسلمانوں کو دیکھ کرکورونا کورونا کی آوازیں کَس رہے ہیں۔

پولیس نے اشتعال انگیزی کا ذمہ دار قرار دے کر بی جے پی سے تعلق رکھنے والے دو مقامی ممبران اسمبلی کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا ہے جب کہ بی جے پی نے فسادات کا ذمہ دار حکمران جماعت ترینمول کانگریس اور وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کو قرار دیا ہے۔

بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ  سے تجاوز

 خیال رہے کہ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تاہم کورونا کے حوالے سے مودی سرکار کی ناقص حکمت عملی پر سوال اٹھانے کے بجائے بھارتی میڈیا تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو کورونا پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیتا رہا ہے۔

گذشتہ دنوں تبلیغی جماعت کے ارکان میں کورونا کے کیسز کی تصدیق کے بعد پورے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی نئی لہر چلی تھی جس کے دوران متعدد مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مسلم دکانداروں سے سامان نہ خریدنے کی اپیل بھی کی گئی۔

امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی  بھارت کو اقلیتوں کیلئے خطرناک ملک قرار دیتے ہوئے اسے بلیک لسٹ کرنے کی سفارش بھی کرچکا ہے۔

مزید خبریں :