02 ستمبر ، 2012
لاہور…پیر پگارا صبغت اللہ راشدی نے کہا ہے کہ سوئس عدالتوں کو خط لکھنے میں سپریم کورٹ سے جھگڑے کے بجائے کچھ لو کچھ دو ہونا چاہئے،سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا ہے کہ صدر کو استثنا حاصل ہے،ادارے آئین کے دائرے میں رہیں تو تصادم نہیں ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا،پیرپگارا کا کہنا تھا کہ ان کا یو سف رضا گیلانی سے رشتہ ہے ،نوازشریف سے بھی ذاتی تعلق ہے ، آئندہ کا لائحہ عمل حالات دیکھ کر بنائیں گے ،انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات حکومت کے قابو میں نہیں آ رہے، میرٹ پربھرتی کی جائے تو15دن میں حالات ٹھیک ہوسکتے ہیں،پیرپگارا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے جھگڑا نہیں کرنا چاہیے، خط لکھنے کے کچھ طریقے ہیں،کچھ لوکچھ دو ہونا چاہئے، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خط لکھنے کے معاملے میں وہ پارٹی پالیسی کے پابند ہیں،آئین کے مطابق صدر کو استثناء حاصل ہے ،سب آئین کے دائرے میں رہیں گے تو تصادم نہیں ہوگا۔سابق وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ فنکشنل سے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں ،خواہش ہے تمام اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں اور اکٹھے الیکشن لڑیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی اورملکی حالات کوٹھیک کرنا سب کی ذمہ داری ہے،ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کوعوام کے مینڈیٹ کااحترام کرناچاہیے۔