'‏اچھے بولرز تھوک سے گیند چمکائے بغیر اپنا کام دکھا جائیں گے'

فوٹو: فائل

‏قومی ٹیم کے سابق آف اسپنر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ  ‏اچھے فاسٹ بولرز تو اب بھی تھوک سے گیند چمکائے بغیر ہی اپنا کام دکھا جائیں گے۔

‏ کورونا وائرس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کؤنسل (آئی سی سی) نے پلیئنگ کنڈیشنز میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں جب کہ کئی ایک گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے گا جس سے کھیل کا رنگ اب بدلہ بدلہ سا دکھائی دے گا۔ 

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے کا کہنا ہے کہ نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں اسپنرز کو فائدہ ہو گا اور اب پلیئنگ الیون میں اسپنرز  پر زیادہ انحصار کیا جائے گا۔

سابق آ ف اسپنر اور پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر کے ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق انیل کمبلے سے مکمل طور پر متفق نہیں ہیں۔

‏ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں دو فلسفے کام کرتے ہیں، ایک میں تھوک کے ساتھ گیند کی چمک اسپنرز کو بھی چاہیے اور دوسری فلاسفی میں اگر گیند کو تھوک سے نہیں چمکایا جائے گا تو گیند جلد پرانا ہونے کی وجہ سے اسپنرز کو فائدہ ہو گا اور اب اسپنرز کو زیادہ کھلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اسپنرز کو بھی بال پر چمک کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اگر آپ نے بال کو ڈرفٹ کرنا ہے تو اس کے لیے لازمی طور پر اپ کو چمک درکار ہو گی، شین وارن نے جو بال آف دی سنچری کی وہ بال بھی ڈرفٹ ہوئی تھی لیکن اگر جن اسپنرز نے بال کو ڈپ کرنا ہوتا ہے انہیں چمک کی ضرورت نہیں ہوتی اور اس وجہ سے انیل کمبلے نے بات کی کیونکہ وہ خود گیند کو ڈپ کرتے تھے۔

‏ثقلین مشتاق نے کہا کہ اس کے علاوہ اگر تھوک سے بال کو نہیں چمکائیں گے تو یہ جلد پرانی ہو جائے گی اور اسپنرز کو فائدہ ہو گا۔

‏49 ٹیسٹ اور 169 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے کہا کہ موجودہ تبدیلیوں اور اسپنرز کو متوقع زیادہ فائدے کی وجہ سے کھیل کا رنگ تبدیل نہیں ہونا چاہیے، یہ عارضی تبدیلیاں ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کرکٹ اپنے اصل رنگ میں کھیلی جائے گی تو مزہ آئے گا، اب اگر فاسٹ بولرز کی جگہ اسپنرز پر انحصار کیا جائے گا اور دو دو تین تین اسپنرز کھلائے جائیں تو ہر جگہ برصغیر میں کھیلی جانے والی کرکٹ کا رنگ نظر آئے گا، میرے خیال میں آسٹریلیا اب بھی اپنے انداز میں کرکٹ کھیلے گا۔

‏ ثقلین مشتاق نے کہا کہ اچھے فاسٹ بولرز تو اب بھی تھوک کے بغیر چمک کے اپنا کام دکھا جائیں گے، اچھے بولرز کے پاس اسپیڈ کنٹرول، ایگریشن اور لائن لینتھ ہوتی ہے وہ اس سے فائدہ اٹھائیں گے اگر وہ سوئنگ نہیں کر سکیں گے تو ان کے پاس سیم تو ہو گی جس سے انہیں مدد ملے گی  اس لیے اچھے فاسٹ بولرز کو نقصان نہیں ہو گا۔

مزید خبریں :