Time 16 جون ، 2020
پاکستان

لوگوں کو کورونا ایس او پیز سکھانے پر مامور ٹائیگر رضاکار خود خلاف ورزیوں میں ملوث

ایک کار میں 5 افراد سوار تھے، جب انہیں روک کر لائسنس مانگا گیا تو انہوں نے ٹائیگر فورس کا آئی ڈی کارڈ شو کیا: ٹریفک انسپکٹر عدنان— فوٹو:فائل 

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے اور بیماری کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے قائم کی گئی ٹائیگر فورس کے رضاکار خود خلاف ورزیوں میں ملوث نکلے۔

صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے کورونا کے پیش نظر طے کردہ ضابطہ کار اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی۔

ٹریفک انسپکٹر عدنان کے مطابق ایک کار میں 5 افراد سوار تھے، جب انہیں روک کر لائسنس مانگا گیا تو انہوں نے ٹائیگر فورس کا آئی ڈی کارڈ شو کیا۔

گاڑی میں سوار افراد نے نہ تو ماسک پہنے تھے اور نہ ہی انہوں نے کورونا کے ضابطہ کار کا خیال کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھا تھا۔

ٹریفک انسپکٹر نے لائسنس اور کاغذات نہ ہونے پر ٹائیگر فورس کے رضا کاروں پر جرمانہ عائد کردیا۔

 خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 30 مارچ کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا اور پھر 9 اپریل کو اسے فوری طور پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ٹائیگر فورس کے قیام کا مقصد کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں :