19 جون ، 2020
حکومت نے تمام ائیرلائنز کو بیرون ملک سے مسافروں کو پاکستان لانے کی اجازت دے دی۔
سول ایوسی ایشن (سی اے اے) کے مطابق پی آئی اے سمیت تمام ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنز اب اپنے مسافر پاکستان لا اور لے جاسکیں گی۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ گوادر اور تربت کے علاوہ تمام بین الاقوامی ملکی ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کی جاسکیں گی اور تمام ائیرلائنز کو کورونا سے متعلق ضابطہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس سے پہلے غیر ملکی ائیرلائنز کو صرف پاکستان سے مسافروں کو لے جانے کی اجازت تھی۔
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے گرین سگنل دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔