09 فروری ، 2012
اسلام آباد… میمو گیٹ تحقیقاتی کمیشن میں اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے کمیشن میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ کمیشن کو منصور اعجاز کا بیان بیرون ملک جاکر ریکارڈ کرنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے۔اٹارنی جنرل نے کمیشن کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو منصور اعجاز جیسے ناقابل اعتبار شخص کے لئے باہر جانے کا رسک نہیں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ منصور اعجاز کو ان کی مرضی سے باربار مہلت دی گئی، لیکن وہ نہیں آئے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیشن کی اس بات پر معاونت کریں کہ سپریم کورٹ نے کمیشن کو بیرون ملک جانے کا اختیار دے رکھا ہے۔ اس سے قبل میمو کمیشن کی کارروائی میں وقفے کے بعد منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے کمیشن کو بتایا کہ ان کا منصور اعجاز سے ٹیلی فون اور ای میل کے ذریعہ رابطہ ہوا ہے ، وہ اپنے بیان پر قائم ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ کمیشن لندن آئے تو پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت میں منصور اعجاز اپنا بیان بیان ریکارڈ کرادیں گے۔ حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے کمیشن کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے کمیشن کو بیرون ملک جانے کا نہیں کہا، یہ کہاگیا کہ قواعد کے مطابق فیصلہ کریں۔ زاہد بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیا سوئٹزرلینڈ یا برطانیہ کا قانون اس کمیشن کی اجازت دے گا جس پر جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، پاکستانی سفارتخانے خود مختار ہیں وہ پاکستانی حدود تصور ہوتے ہیں۔میمو گیٹ تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ نے کمیشن کی سماعت کے دوران منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پہلے ہی کہہ دیتے کہ کہ منصور اعجاز پاکستان نہیں آنا چاہتے تو کمیشن کا وقت بچ جاتا اور معاملہ یہیں ختم ہوجاتا۔ منصور اعجاز کیوکیل اکرم شیخ نے میمو تحقیقاتی کمیشن کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ منصور اعجاز نے رضا کارانہ طور پر کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو منصور اعجاز کو بلانے کا حق حاصل نہیں۔ اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ منصور اعجاز کے پاکستان داخل ہوتے ہی ان پر یہاں کے قانون کا اطلاق ہوجائے گا اور پاکستان آتے ہی پارلیمانی کمیٹی منصور اعجاز کی طلبی کے سمن جاری کردے گی ۔ ایسی صورت میں تمام بیان حلفی اوریقین دہانیاں پیچھے رہ جائیں گی۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ نے اکرم شیخ ایڈووکیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تما تر یقین دہانیوں کے بعد اب یو ٹرن لے رہے ہیں۔ اکرم شیخ نے کمیشن میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ گارنٹی دیتے ہیں کہ منصور اعجاز بیرون ملک بیان رکارڈ کرانے کیلئے ضرور پیش ہوں گے۔