19 جولائی ، 2020
کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کے دوران چاول کی آڑ میں ممنوعہ کیمیکل بیرون ملک بھیجنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کارپوریٹ سرکل ٹیم نے حسین آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار کلو گرام ممنوعہ کیمیکل برآمد کرلیا۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی میں ایک ٹرک کو قبضے میں لیکر 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
حکام کے مطابق چاولوں کی آڑ میں ممنوعہ کیمیکل بیرون ملک بھیجا جا رہا تھا، چاولوں کے تھیلوں کے اندر کیٹامائن کیمیکل بیلجیم بھیجا جارہا تھا۔
حکام نے بتایا کہ یہ کیمیکل کنٹرولڈ ڈرگس میں آتا ہے اور اس طرح بھیجا جانا جرم ہے، برآمد کیمیکل کی مقدار 3 ہزار کلوگرام جس کی مالیت 5 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان یہ رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے حاصل کرتے، ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔