09 فروری ، 2012
کراچی …سید محمد عسکری/اسٹاف رپورٹر…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر خان کو جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقررکردیا ہے۔انکی تقرری چار برس کے لیے کی گئی ہے۔ڈاکٹر قیصر کے پاس اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا چارج اسوقت تک رہے گا جب تک کہ وہاں پر نئے وائس چانسلر کی تقرری نہیں کردی جاتی۔واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر خان گزشتہ چار سال سے وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ تھے اور ابھی انکی مدت کی تکمیل میں تقریباً گیارہ ماہ باقی ہیں۔وہ جمعہ کی صبح گیارہ بجے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدہ کا چارج اپنے پیشرو ڈاکٹرپیرزادہ قاسم سے لیں گے۔ڈاکٹر قیصر اس سے قبل جامعہ کراچی کے رجسٹرار،ڈین، ہاسٹل پرووسٹ اور اسٹوڈنٹ ایڈوائز جیسے اہم کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹر محمد قیصر 15 اگست 1946ء کو پیدا ہوئے، 1976 میں کراچی سے پی ایچ ڈی اور 1984ء میں جرمنی سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹرپیر زادہ قاسم کی جامعہ کراچی کے لئے خدمات کو سراہا اور مستقبل میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔